کراچی: لیاری گینگ وار کا انتہائی مطلوب دہشتگرد اسماعیل عرف پینترا گرفتار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) رینجرز اور پولیس نے اورنگی ٹاون میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو گرفتار کرلیا۔ترجمان رینجرز کے مطابق انٹیلی جنس معلومات پر معلوم ہوا کراچی سے بھاگا ہوا لیاری گینگ انتہائی مطلوب دہشت گرد اسماعیل عرف پیترا اورنگی ٹاون کے علاقے مومن آباد میں روپوش ہے، رینجرز اور پولیس نے جمعے اور ہفتے کی درمیانی شب مومن آباد کے علاقے میں چھاپہ مارکر اسماعیل عرف پینترا کو گرفتار کرلیا۔رینجرز اعلامیے کے مطابق ملزم قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری ، اغواء برائے تاوان ، پولیس مقابلوں ، منشیات فروشی اور جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزم نے دوران تفتیش رینجرز اور پولیس کو بتایا کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد وہ 2016 میں گرفتاری کے خوف کے باعث بیرون ملک فرار ہوگیا تھا، حال ہی میں کراچی آکر لیاری گینگ وار کو فعال کررہا تھا، رینجرز نے قانونی چارہ جوئی کے لیے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے جرائم کی وارداتوں اور مشکوک سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن نمبر 1101 پر دیں۔