ہتک عزت کیس کی سماعت 19 فروری تک ملتوی‘ اب کھوکھر پیلس نہیں غریب کا گھر بنے گا‘ شہباز گل
لاہور (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ سارے چور اکٹھے ہوچکے ہیں، یہ اگلے تین سال بھی چیختے نظر آئیں گے عمران خان آ گیا ہے۔ اب سرکاری اراضی پر کھوکھراور جاتی امرا ء پیلس نہیں بلکہ غریبوں کے گھر بنیں گے۔ عمران خان کہہ کر آئے تھے کہ ان سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ عدالت میں پیشی کے بعد ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے حکومتوں میں آنے کیلئے بھائو تائو کیا جاتا تھا، وزیراعظم بھا ئوتائو کے ذریعے آنے والوں کیخلاف ہیں، عمران خان وہ پہلا لیڈر ہے جو سمجھوتہ نہیں کرے گا، ہماری 60 دن کی زندگی گیدڑ کی 100 سالہ زندگی سے بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہا کہ سیف الملوک پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ مریم صفدر کے والد کا سرمایہ چور، ڈاکو اور قبضہ مافیا ہی ہوسکتے ہیں۔ حکومت نے ایک ارب سے زائد کی سرکاری اراضی واگزار کرائی، ان سرکاری اراضی پر غریبوں کے گھر بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ، چور لندن میں دودھ کی ملائی کھا کر چھپ کے بیٹھے ہیں، تھانہ، کچہری نئی بات نہیں، مقدمات کا سامنا کریں گے۔ دریں اثناء سیشن عدالت نے شہباز گل کیخلاف ہتک عزت دعویٰ کی سماعت 19 فروری تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے شہباز گل کی حاضری معافی اور بریت کی الگ الگ درخواستوں پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کی۔