متعدد وار داتیں،گڑھی شاہو پل پر شہری سے ایک کروڑ 90 لاکھ چھین لئے
لاہور (نمائندہ خصوصی) لاہور میں متعدد وارداتوں کے دوران شہری کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، گاڑیوں اور دیگر قیمتی سامان سے محروم ہوگئے جبکہ 4 ماہ قبل دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کے تین ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ گڑھی شاہو پل پر ڈکیتی دوران مطیع اللہ سے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے لوٹ کر لے گئے متاثرہ شہری بھائی کے ساتھ ہال روڈ سے رقم لے کر بیگم پورہ گھر جا رہا تھا گڑھی شاہو پل پہنچا تو نامعلوم ملزموں نے روکا اور اسلحے کے زور پر دھمکیاں دیں اور رقم لوٹ لی، جبکہ غازی آباد کے علاقے میں ڈاکو شہباز سے 4 لاکھ 80 ہزار روپے نقدی اور موبائل لوٹ کر فرار ہوگئے۔ اقبال ٹاؤن میں ڈاکو مرتضیٰ بٹ کے گھر سے 5 لاکھ 10 ہزار مالیت کی نقدی اور طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے۔ لوئر مال کے علاقے میں ڈاکو اطہر کے گھر میں گھس کر فیملی سے اسلحہ کے زور پر ایک لاکھ 75 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ گجر پورہ میں موٹرسائیکل سوار ڈاکو وقاص اور فیملی سے گن پوائنٹ پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے نقدی و طلائی زیورات، فیصل ٹاؤن میں قیصر اور فیملی سے 2 لاکھ 20 ہزار روپے نقدی و طلائی زیورات۔لاری اڈا کے علاقہ میں ڈاکو اکرام سے60 ہزارروپے نقدی و موبائل چھین کر فرار ہو گئے گلشن راوی کے علاقے میں ڈاکو گن پوائنٹ پر افضال سے 85 ہزار اور موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے جبکہ مانگا منڈی اور ہربنس پورہ سے گاڑیاں اور لٹن روڈ، مصطفی آباد اور راوی روڈ کے علاقے سے تین موٹر سائیکلیں چوری کر لی گئیں۔ دریں اثناء لاہور انویسٹی گیشن پولیس صدر ڈویژن نے کارروائی کرتے ہوئے دوران گھر میں ڈکیتی کیساتھ گن پوائنٹ پر خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنانے والے 3ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزموں وقاص عرف وقاصی، وقار اور ابرارنے تقریباً 4ماہ قبل 32سالہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا ۔ ملزمان دوران واردات طلائی زیورات ، نقدی اور دیگر قیمتی اشیاء بھی لوٹ کر لے گئے تھے۔ ایس پی انویسٹی گیشن صدر نے کہا گرفتار ملزموں کے خلاف لاہور شہرکے مختلف تھانوں میں ڈکیتی کے متعددمقدمات درج کر لئے ہیں۔