وزیراعظم کب تک وعدوں سے دھوکے دینگے‘ عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیا‘ سراج الحق
لاہور ( سپیشل رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملک میں انصاف ندارد ، ظلم و جبر کا نظام مسلط ، کرپشن دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے جبکہ حکومت غیر سنجیدہ اور ناکامی سے دوچار ہے ۔ وزیراعظم کب تک وعدوں اور دعوئوں سے قوم کو دھوکہ دیں گے ۔ اسمبلی میں بیٹھے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں میں کروڑوں تقسیم ہو رہے ہیں جبکہ عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا گیا۔مہنگائی اور بے روزگاری کا سونامی سب کچھ بہا کر لے گیا ۔ پی ٹی آئی کے دور میں قبضہ مافیا مضبوط ہوا، ادارے کمزور اور معیشت مزید زوال کا شکار ہوئی۔ جماعت اسلامی قوم کو استعمار کے آلہ کاروں سے نجات دلا کر دم لے گی۔ ملک کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اشرافیہ سے نجات دلا کر پاکستان کو عظیم مملکت بنائیں گے ۔ سرگودھا میں آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔ عوام ظالموں کیخلاف نکلنے کے لیے کمر کس لیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال زیر غور آئی اور آئندہ کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے مشاورت کی گئی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کے ریسورسز پر قابض اشرافیہ سے جان چھڑانے کا وقت قریب آگیاہے۔ جماعت اسلامی ملک کی بقا اور سلامتی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ پرامن جمہوری جدوجہد کے ذریعے اسلامی نظام کا قیام ہمارا نصب العین ہے ۔