• news

ڈینئل پ رل قتل کیس کے  ملزموں کی رہائی کیخلاف نظر ثانی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان میںڈینئیل پرل قتل کیس کے ملزمان کی رہائی کیخلاف نظر ثانی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی ،سپریم کورٹ کا 3 رکنی بنچ سماعت کرے گا،جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس سجاد علی شاہ ، جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا، واضح رہے حکومت کی جانب سے ملزمان کی رہائی کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواستیں دائر کی گئیں ہیں جن کی سماعت تین رکنی بینچ کرے گا۔سپریم کورٹ میں احمد عمر شیخ کے خلاف سندھ حکومت کی نظر ثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی ہے۔گزشتہ روز سندھ حکومت نے انٹر نیشنل اخبار، وال اسٹریٹ جرنل کے سائوتھ ایشیا کیلئے انچارج، امریکی باشندیڈینئل پرل قتل کیس کے ملزمان کو بری کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کیلئے درخواست دائر کرکے اسے فوری سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی تھی۔پراسیکیوٹر جنرل سندھ نے مزید دستاویزات جمع کرانے کے لیے ایک ہفتے کا وقت بھی مانگا تھا، نظرثانی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے ملزمان کی سزائوں کو بحال کیا جائے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں قائم بنچ نے ڈینئل پرل قتل کیس کے تمام ملزمان کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے دو ایک کی اکثریت سے فیصلہ دیا تھا، کیس کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کرنے کا کہا گیا تھا۔کیس میں دلائل مکمل ہونے کے بعد سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کی اپیل خارج کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان اگر کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو ان کو فوری طور پر رہا کردیا جائے، ملزمان میں احمد عمر شیخ، سلمان ثاقب، فہد نسیم اور عادل شیخ شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن