• news

سیالکوٹ: خواجہ آصف کے ساتھی توحید اختر کی کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی میں بلڈنگ م سمار

سیالکوٹ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ محمد آصف کے ساتھی و سابق مئیر توحید اختر چوہدری کی کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی جس میں خواجہ محمد آصف کی اہلیہ بھی حصہ دار ہیں کو صبح سویرے ضلعی انتظامیہ، کارپوریشن اور پولیس کی بھاری نفری نے سوسائٹی میں بنے ہوئے کروڑوں روپے مالیتی آفس بلاک کی عمارت کو بھاری مشینری کے ساتھ مسمار کر دیا ہے۔ دوران آپریشن کالونی مکینوں کو اپنے گھروں میں محصور کر دیا گیا۔ ضلع کی چار سو سے زائد گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا۔ سابق مئیر میونسپل کارپوریشن توحید اختر چوہدری کا کہنا ہے انہیں نواز شریف کا سپاہی اور خواجہ آصف کا ساتھی ہونے کی سزا دی جا رہی ہے اور تحریک انصاف کی حکومت بدترین سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ دفاتر میں کروڑوں روپے کا سامان توڑ دیا گیا۔ آپریشن کے موقع پر مسلم لیگ (ن) اور پولیس کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کالونی کے رہائشیوں کو گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت نہ تھی تاہم بلڈنگ مسمار کئے جانے کی تمام ویڈیو ایک ڈرون کیمرے کی مدد سے ریکارڈ کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن