• news

پرائمری، مڈل سکول جامعات کھل گئے، ماسک ضروری

اسلام آباد‘ لاہور‘ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ سٹاف رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) کرونا وبا کی دوسری لہر کے باعث نومبر 2020 سے بند ہونے والے ملک بھر کے تعلیمی ادارے آج پیر کو کھل جائیں گے۔ سکولوں میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کر نے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بچوں کو گروپوں کی شکل میں ایک دن کے وقفے سے بلایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق کرونا وبا کی دوسری لہر کے باعث نومبر 2020ء سے بند ہو نے والے ملک بھر کے تعلیمی ادارے آج پیر کو کھل جائیں گے۔ سکولوں میں تمام طلبا کے لیے ماسک پہننا لازمی ہے جبکہ طلبا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک اضافی ماسک اپنے پاس بیگ میں رکھیں۔ ہر بچہ پانی کی بوتل اور لنچ گھر سے لے کر آئے گا۔ کسی دوسرے بچے سے کوئی بھی چیز لینے یا دینے کی اجازت نہیں ہو گی۔ بچوں اور سٹاف کا ٹمپریچر اداروں کے داخلی دروازوں پر چیک کیا جائے گا۔ والدین سے کہا گیا ہے کہ اگر کسی بچے کو کھانسی یا بخار ہو تو اسے سکول نہ بھیجیں۔ تمام اداروں کے سربراہان ادارے کھلنے سے آدھ گھنٹہ پہلے وہاں پہنچیں گے۔ پورے دن میں پیریڈز کی تعداد سات ہوگی۔ طلبا کو گروپوں میں سکول بلایا جائے گا۔ کوئی بریک نہیں ہو گی جبکہ کنٹین یا ٹک شاپ بند رہیں گی۔ پوری عمارت اور بسوں میں ڈس انفیکشن کر نے کا سپرے کیا جائے گا۔ پنجاب میں پرائیویٹ سکولز میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی چیکنگ کے لئے مختلف ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پرویز اختر کا کہنا ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے سرکاری سکولوں کے سربراہان اور پرائیویٹ سکولوں کے مالکان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ سکول سے ایک کرونا کا بچہ نکلنے پر کلاس روم سیل کریں گے جبکہ 3 کرونا مریض نکلنے پر پورا سکول سیل کریں گے۔ کرونا وبا کی دوسری لہر کے دوران 67 روز کی بندش کے بعد آج ‘ گوجرانوالہ کے 958 سرکاری پرائمری اور 272 مڈل سکولوں میں 2 لاکھ سے زائد طلبہ و طالبات سکول آئیں گے۔ ڈی ای او سیکنڈری گوجرانوالہ ڈاکٹر مسعود اختر کا کہنا ہے کہ سکولوں میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ 

ای پیپر-دی نیشن