ایف ب ی آر نے 152 اشیا کی درآمد پر 2 فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی ختم کردی
لاہور(سٹا ف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 152 اشیا ء کی درآمد پر دو فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی (اے سی ڈی)ختم کردی ہے ، اس میں زیادہ تر خام مال بشمول آئیوڈین ، سلفر ، ایسٹیک ایسڈ ، میگنیشیم ہائیڈرو آکسائیڈ ، بینٹونائٹ اور جوتے بنانے یا مرمت کے لئے مشینری سمیت دیگر شامل ہے ۔ایف بی آر کی جانب سے ایس آر او 572 (1) / 2020 اضافی کسٹم ڈیوٹی عائد کرنے میں ترمیم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔اس فہرست میں ایسی اشیا ء شامل کی ہیں جن پر ایس آر او 572 (1) / 2020 کے تحت اے سی ڈی لاگو نہیں ہوگا۔ہر قسم کے گندھک کی درآمد پر اے سی ڈی کا اطلاق نہیں ہوگا۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے قومی ٹیرف پالیسی 2019-24 کے تحت 152 ٹیرف لائنوں ، زیادہ تر خام مال پر اضافی دو فیصد کسٹم ڈیوٹی کو ہٹانے کی منظوری دی تھی۔