آئی جی پولیس کا 15دنوں میں تمام خالی آسامیاں پر کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہا ہے کہ تمام اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں خالی آسامیوں پر افسران واہلکاروں کی تعیناتی کیلئے میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق محکمانہ ترقیوں کا عمل جلد مکمل کیا جائے تاکہ خالی آسامیاں پْر ہونے سے پیشہ ورانہ امور مزید عمدگی سے سر انجام پائیں۔ ترقی کے اہل فرض شناس اور قابل افسران و اہلکاروں کو محکمانہ پروموشن بھی مل جائے۔ 15دنوں کے اندر کانسٹیبل سے ایس پی رینک تک تمام خالی آسامیوں کو پروموشنز کے ذریعے پْر کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات یقینی بنائے جائیں اور تمام اضلاع اور فیلڈ فارمیشنز میں پروموشن بورڈز اجلاس منعقد کرکے محکمانہ ترقیوں کے بعد نئی تعیناتیوں کا عمل بھی جلد از جلدمکمل کیا جائے۔ تمام فیلڈ یا یونٹ سربراہان خالی آسامیوں پر ترقیوں کا عمل مکمل کرکے16فروری تک ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ کو سرٹیفکیٹ دیں گے جس میں متعلقہ ضلع یا فیلڈ یونٹ میں خالی آسامیوں پر افسران واہلکاروں کی ترقیوں کے بعد سیٹیں پْر ہونے کی تفصیل درج ہوگی۔