آزادی کشمیریوں کا حق‘ بھارتی مظالم پر عالمی اداروں کی خاموش شرمناک: زبیر ظہیر
لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ آزادی کشمیریوںکا فطری اور انسانی حق ہے۔ ظالم اور قصاب نریندر مودی کے وحشیانہ اقدامات ناکام ہوں گے اور انشاء اللہ کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ تمام تر مظالم کے باجوو بھارت کشمیریوں کی آواز دبانے میں ناکام ہے۔ آج کشمیریوں کے جنازے بھی بھارت کے خلاف ریفرنڈم کی شکل اختیارکر چکے ہیں۔ وہ اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں آزادی کشمیر کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ جبکہ اس موقع پر مولانا حبیب الر حمن امیر محمدی، مولانا عبد الر حمن اسلام آبادی، میاں احسان الٰہی، قاری کامران ایوب، مولانا ظہور احمد اور مولانا عمر فاروق سلفی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ عالمی قواتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں غور کریں۔ آج پوری دنیا کشمیریوں پر مظالم اور لاک ڈائون پر مجرمانہ خاموشی کی وجہ سے کرونا کی صورت میں عذاب بھگت رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ پوری دنیا کو ہوش و حواس کے ناخن لینے کی توفیق عطا فرمائے جن کو ابھی تک کرونا کی صورت میں آنے والے اس عذاب کی سمجھ نہیں آرہی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر یوں کے ساتھ پاکستانیوں کا رشتہ لا الہ الا اللہ کا ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔ جب بھی وقت آیا کشمیریوں کی آزادی کیلئے ہر پاکستانی اپنی جان کی قربانی دینے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔ اگر جنگ ہوگی تو صرف پاکستان اور بھارت ہی نہیں پوری دنیا ایٹمی جنگ کی وجہ سے تباہی کا شکار ہو گی۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کشمیری عوام اپنی آزادی کیلئے پوری جرات اور بہادری کے ساتھ جد وجہد کر رہے ہیں اور انشاء اللہ انکی جدوجد کامیاب ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے کشمیریوں پر بدترین مظالم اور نسل کشی پر اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کی خاموشی بھی شر مناک ہے۔