مسئلہ فلسطین کے حل تک دنیا امن کے خواب دیکھنا چھوڑ دے: شاہ عبداﷲدوئم
عمان (نوائے وقت رپورٹ) اردن کے شاہ عبداللہ دوئم نے کہا ہے کہ جب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتا، اس وقت تک دنیا امن و استحکام کے خواب دیکھنا بھول جائے۔ اردن کی سرکاری نیوز ایجنسی کو ایک انٹرویو میں شاہ عبداللہ نے کہا کہ دہائیوں سے فلسطین کا مسئلہ حل طلب ہے، جس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں امن اور استحکام نصیب نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین اردن کی خارجہ پالیسی کا محور ہے۔ اردن اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ فلسطین کی آزادی کے لئے اردن اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گا تاکہ فلسطینیوں کو ان کا جائز اور قانونی حق مل سکے۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ بیت المقدس میں اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات کی حفاظت اور ان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری اردن ہر صورت پوری کرے گا۔ بیت المقدس مسجد اقصیٰ کا انتظام اردن کی وزارت وقف کرتی ہے۔ 1967 سے یہ ذمہ داری بین الاقوامی قانون کے تحت اردن پوری کر رہا ہے۔