• news

معاشی کامیابیاں کرپٹ سیاستدانوں کے منہ پر طمانچہ‘ سیالکوٹی ٹھگ بھیگی بلی بن گیا: فردوس عاشق

سیالکوٹ (نامہ نگار‘ نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ خواتین اسیران کے مسائل سنے اور ان کو لیگل ایڈ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مہا راجہ رنجیت سنگھ نے اپنے گھوڑوں کیلئے اصطبل بنایا تھا جس کو1863 میں ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا درجہ دے دیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ میں اس وقت سزائے موت کے 62 جبکہ قید بامشقت کے 265 سمیت 3غیر ملکی قیدیوں کے علاوہ 43 دیوانی قیدیوں کے علاوہ 32 خواتین اور 10 بچے بھی اسیر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں کامیاب انعقاد کے بعد پنجاب کی بیس جیلوں میں پرزن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے قیام پر کام جاری ہے۔ جبکہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مدد سے جاری پروگرام سے جیل خانہ جات کے انتظامی امور میں بہتری آئے گی اور قیدیوں کی شکایات کے فوری ازالے، قیدیوں کو سہولیات کی فراہمی، قیدیوں کے ویڈیو ٹرائل جیسی سہولیات میسر ہونگی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خواجہ محمد آصف کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہاکہ سیالکوٹ کا ایک ٹھگ بھی ان دنوںجیل میں ہے، اقتدار میں تھا تو نہروں میں چھلانگیں مارتا پھرتا تھا جیل میں گیا ہے تو اب سہولتوں کی بھیک مانگتا پھر رہا ہے۔ سیالکوٹی ٹھگ نے اہل سیالکوٹ کی عزت خاک میں ملا کر رکھ دی ہے۔ لوگ پوچھتے ہیں کہ اسمبلی میں آستینیں چڑھا کربڑھکیں مارنے اور شیر شیر کے نعرے لگانے والا آج بھیگی بلی کیوں بنا بیٹھا ہے۔ کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ شاعر مشرق بھی عالم ارواح میں بیٹھے سوچ رہے ہوں گے کہ میں نے تو شاہینوں کیلئے ایک ملک کا خواب دیکھا تھا میرے شہر میں ہی یہ سیاسی گدھ کہاں سے پیدا ہو گئے؟۔ انہوں نے کہاکہ اقبال نے آزاد منش لوگوں کیلئے خواب دیکھا تھا یہ غلام ابن غلام کہاں سے پیدا ہو گئے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں لوکل گورنمنٹ کے ادارہ کی جانب سے کینٹ ہاؤسنگ میں کئے جانے والے غیرقانونی تجاوزات کے حوالے سے کئے جانے والے آپریشن بارے میڈیا کو بتاتے ہوئے کہاکہ کینٹ ہاؤسنگ کی مالکان مسرت آصف زوجہ خواجہ محمد آصف اور توحید اختر وغیرہ نے رقبہ تعدادی 137کنال کی منظوری 2017 میں حاصل کی اور پنجاب ہاؤسنگ سکیم رولز 2010 کے تحت سکیم مالکان نے روڈز، پارکس و پبلک بلڈنگ کا رقبہ محکمہ کے نام ٹرانسفر کرنے کے بعد پارک کی جگہ پر تقریباً 13 مرلہ پر غیر قانونی کمرشل پلازہ تعمیر کر لیا۔ اس تعمیر شدہ غیر قانونی پلازہ کے متعلق مالکان کو محکمہ کی جانب سے متعدد نوٹسز جاری کئے گئے کہ وہ سرکاری رقبہ سے از خود غیر قانونی بلڈنگ کو مسمار کریں لیکن باوجود نوٹسز مالکان ہاؤسنگ سکیم نے غیر قانونی تعمیر شدہ کا استعمال جاری رکھا اور مذکورہ غیر قانونی بلڈنگ کو سیل کیا گیا لیکن مالکان ہائوسنگ سکیم مذکورہ نے قانون کے ہاتھ میں لیتے ہوئے سیل توڑ کر عمارت کا غیر قانونی استعمال شروع کر دیا اور آج حسبِ ضابطہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ہاؤسنگ کالونی میں غیر قانونی بلڈنگ جو کہ پبلک پارک پر تعمیر شدہ تھی، مسمار کر دیا گیا۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ حکومت کی معاشی کامیابیاں مفاد پرست اور کرپٹ سیاستدانوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے۔ جنوری 2020 میں پاکستان اسٹاک مارکیٹ خطے کی دوسری جب کہ دنیا کی ساتویں بہترین مارکیٹ بن کر سامنے آئی، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کی معاشی کامیابیاں مفاد پرست اور کرپٹ سیاستدانوں کے منہ پر زناٹے دار طمانچہ ہے۔ ملک میں ٹریکٹرز کی فروخت میں 43 فیصد اضافہ، سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بہتری، مالی سال 2019- 20 میں 15 ہزار 200 سے بڑھ کر 21 ہزار 800  یونٹس ٹریکٹرز کی فروخت وزیراعظم کی درست معاشی پالیسیوں کی عکاس ہے، جو زرعی پیداوار اور زرمبادلہ میں اضافے کے ساتھ ساتھ کسان کی خوشحالی میں مددگار ثابت ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن