ایل پی جی 10روپے کلو مہنگی: گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 122.46 روپے اضافہ
لاہور+اسلام آباد (نیوز رپورٹر+وقائع نگار خصوصی) ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 10 روپے اضافہ کردیا گیا۔ گھریلو سلنڈر 122 روپے 46 پیسے اورکمرشل471 روپے مہنگا ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے فروری کیلئے ایل پی جی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ ایل پی جی کی نئی قیمت 158 روپے ہو گئی ہے جبکہ جنوری میں ایل پی جی کی قیمت 148روپے فی کلو تھی۔ گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت1863روپے 14 پیسے مقرر ہوگئی ہے جبکہ جنوری میں ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت 1740 روپے 69 پیسے تھی۔ کمرشل سلنڈر 6ہزار 697 روپے کی بجائے 7 ہزار 168روپے میں دستیاب ہوگا۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین عرفان کھوکھر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایل پی جی کو کم آمدنی کے حامل طبقے کی دسترس میں لانے کے لیے فوری طور پر ایل پی جی پر عائد پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی ختم کرنے کا اعلان کرے۔