سپریم کورٹ نے مقامی حکومت یںمدت سے پہلے ختم کرنے پر پنجاب سے جواب مانگ لیا
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ آف پاکستان نے مقامی حکومتیں مدت مکمل ہونے سے قبل ختم کرنے پر حکومت پنجاب سے 4فروری تک جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کو پنجاب، سندھ، خیبر پی کے، بلوچستان اور کینٹ بورڈز کے مقامی حکومتوں کے انتخابات سے متعلق میٹنگ کرکے اجلاس کی کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق کیس کی 28 جنوری کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا۔ پیر کو عدالت عظمی سے جاری تحریری حکمنامے میں سپریم کورٹ نے پنجاب میں مقامی حکومتیں وقت سے پہلے ختم کرنے پر پنجاب حکومت سے 4 فروری تک تحریری جواب جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان سے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔ تحریری حکمنامے میں سپریم کورٹ نے بلدیاتی انتخابات نہ کرانے پر سندھ، بلوچستان اور پنجاب کی صوبائی حکومتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے قرار دیا کہ خیبرپختونخوا اور وفاق کو پہلے ہی نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن اور خیبرپختونخوا حکومت بلدیاتی انتخابات سے متعلق پیشرفت رپورٹ جمع کرائیں۔ تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سماعت کے موقع پر وفاق کی جانب سے اٹارنی جنرل پیش ہوئے۔ تحریری حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ 8 1نومبر کے عدالتی حکمنامہ میں قرار دیا گیا تھا کہ لوگوں کو جمہوریت سے محروم رکھنے کا عمل ختم ہونا چاہیے۔ گزشتہ حکمنامہ میں قرار دیا گیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور وزیراعلی خیبر پی کے آئین پر عمل نہیں کر رہے۔ ہر آئینی عہدیدار قانون اور آئین پر عملدرآمد کا حلف اٹھاتا ہ۔ الیکشن کمیشن اور خیبرپختونخوا حکومت بلدیاتی انتخابات سے متعلق پیشرفت رپورٹ جمع کرائیں۔