وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس سینٹ امیدواروں کے ناموں پر غور
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ایم آفس میں سینٹ الیکشن کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر غور کیلئے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا۔ 11 رکنی بورڈ میں چیئرمین عمران خان ہیں۔ دیگر ارکان میں گورنر سندھ عمران اسمعیل، گورنر کے پی کے شاہ فرمان، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، شفقت محمود، اسد عمر، ایم این اے عامر محمود کیانی نے شرکت کی۔ پارلیمانی بورڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تحریک انصاف نے ہمیشہ شفاف الیکشن پر زور دیا ہے کیونکہ ماضی میں سینٹ کے الیکشن میں کروڑوں روپے لگائے جاتے رہے اور پارٹی ارکان اپنے امیدواروں کی بجائے پیسے دینے والوں کو ووٹ دیتے تھے ہم یہ راستہ روکیں گے۔ سینٹ کیلئے پارٹی امیدواروں کے ناموں پر مزید غور کیلئے اجلاس آج تک ملتوی کردیا گیا۔