• news

وزیراعظم کون سے پیسے لینا چاہتے ہیں ثبوت سامنے لائیں: قمر کائرہ

اسلام آباد‘ بچیانہ‘ جڑانوالہ (نوائے وقت رپورٹ‘ نمائندگان) پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے وزیراعظم کی پیشکش پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کون سے پیسے لینا چاہتے ہیں، ہمارے سامنے ثبوت پیش کریں۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب لطیفوں پر کیا ردعمل دیا جائے۔ دوسروں کو بدکردار کہنے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ یہ کردو۔ وزیراعظم عمران خان دوسروں کو بدکردار کہتے رہتے ہیں۔ علاوہ ازیں قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ عمران خان اور انکے حواریوں کا جانا ٹھہر گیا ہے۔ آمروں نے بھی پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی تھی۔ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ حکومتی وزراء اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرنے کی بجائے اپنی کارکردگی پر توجہ دیں۔ وہ گذشتہ روز بچیانہ کے نواحی گائوں کوٹ ہدائیت میں پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر اور سابق ایم پی اے رائے شاہجہاں کی والدہ کے انتقال پر ان سے اظہار تعزیت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ جنرل سیکرٹری پنجاب چوہدری منظور حسین، مرکزی رہنما رانا نعیم دستگیر، میاں اشفاق حسین، جنرل سیکرٹری نیئر بخاری اور دیگر رہنما موجود تھے۔ 

ای پیپر-دی نیشن