بابو صابو چوک میں پٹرول مہنگا کرنے پر منی مزدا مالکان کا دھرنا گھنٹوں ٹریفک جام
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سات ہزار سے زائد منی مزدا گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے، پٹرولیم مصنوعات کے قیمتوں میں اضافہ کیخلاف منی مزدا ایسوسی ایشن کی جانب سے بابو صابو چوک میں احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ دھرنے میں پنجاب بھر سے قافلوں نے شرکت کی۔ دھرنے کے شرکا سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مرکزی نائب صدر ارشد مرزا نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نا منظور ہے، انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومت نظر ثا نی کرے، حالیہ اضافے سے کئی گنا اخراجا ت بڑھ جائیں گے۔ انتظامیہ کی جانب سے رات گئے مظاہرین سے مذاکرات ہوئے جس کے بعد دھرنا ختم کر دیا گیا۔ منی مزدا ایسوسی ایشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری تنویر جٹ نے کہا کہ ہمارے تمام مطالبات منظور کر لئے گئے ہیں۔ دھرنے کے دوران تنویر جٹ کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا۔ دریں اثناء بابو صابو میں ٹرانسپورٹرز کے دھرنے کے باعث ٹریفک کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا۔ اس دھرنے کا اثر پورے لاہور سمیت لاہور سے باہر آنے اور جانے والے راستوں پر بھی پڑا۔ لاہور شیخوپورہ روڈ پر موٹر وے کے قریب کنٹینر روک دئیے گئے جس سے گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔