• news

نیب کیسز کے حوالے سے میڈیا رپورٹس بے بنیاد‘ لوٹی رقوم کی واپسی اولین ترجیح: احتساب بیورو

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نے 179میگا کرپشن مقدمات کے منطقی انجام کے حوالے سے بعض میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے ان کو بے بنیاد، من گھڑت اور نیب کے خلاف جاری پراپیگنڈا مہم کا تسلسل قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے بد عنوانی کا خاتمہ اور بد عنوان عناصر سے قوم کی لوٹی گئی رقوم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 714ارب روپے بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں۔ جبکہ نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی قیاد ت میں گزشتہ تین سالوں میں بدعنوان عناصر سے بر آمد کر کے487ارب روپے بلاواسطہ اور بالواسطہ طور پر قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ دوسری انسداد بد عنوانی کے اداروں کے مقابلہ میں بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ مزید برآں نیب کے اس وقت 1230بد عنوانی کے ریفرنس ملک کی مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ جن کی تقریبا مالیت3 94ارب روپے ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 179میگا کرپشن مقدمات میں سے 63میگا کرپشن مقدمات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا گیا جبکہ 95 بدعنوانی کے مقدمات معزز احتساب عدالتوں میں زیر التوا ہیں جن کی جلد سماعت کے لئے نیب نے معزز احتساب عدالتوں میں قانون کے مطابق درخواستیں دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 63میگا کرپشن مقدمات جن کو منطقی انجام تک پہنچایا گیا ہے ان میں سے 12میگا کرپشن کیسز میں مختلف معزز احتساب عدالتوں نے ٹھوس شواہدا ور ثبوتوں کی بنیاد پر قانون کے مطابق مجموعی طور پرملزمان کو 4.364ارب روپے کی سزا سنائی۔ 

ای پیپر-دی نیشن