• news

ہرطرف امن کا ہاتھ بڑھانے کا وقت تنازعہ کشمیریوںکی امنگوں  کے مطابق حل ہونا چاہئے آرم چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کو لازماً، جموں و کشمیر کے عوام  کی امنگوں کے مطابق باوقار اور پرامن انداز میں حل کر کے اس  انسانی مسئلہ کو اس کے منطقی انجام  تک پہنچائیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے  پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان، رسالپور  میں  144 ویں  جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 90 ویں انجینئرنگ کورس، اور 100 ویں اے ڈی کورس کی گریجویشن  تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل  مجاہد انور خان  بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس شاندار کامیابی پر کیڈٹوں کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن سے محبت کرنے والا ایسا ملک ہے جس نے علاقائی اور عالمی امن کیلئے  عظیم قربانیاں پیش کی ہیں۔ ہم باہمی عزت و احترام اور پر امن بقائے باہمی  کے   اصول  پر پورے عزم سے کاربند ہیں۔ اب ہر  طرف  امن کا ہاتھ بڑھانے کا وقت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اور بھارت  کشمیر کے دیرینہ مسئلہ کو لازماً،  جموں و کشمیر کے عوام  کی امنگوں کے مطابق باوقار اور پر امن انداز  میں  حل کر کے اس  انسانی مسئلہ کو اس کے منطقی انجام  تک پہنچائیں۔ ساتھ ہی آرمی چیف نے یہ بھی واضح کر دیا کہ کسی کو  بھی یہ اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ  امن کیلئے خواہش کو ہماری کمزوری سمجھے۔ پاکستان کی مسلح افواج کسی  بھی خطرہ کو ناکام بنانے  کی  بھرپور استعداد رکھتی ہیں اور اس کیلئے مکمل تیار بھی ہیں۔ پاکستان دشمنوں کے خلاف مسلح افواج کے  ہم آہنگی اور ربط پر  مبنی  بے عیب آپریشنوں نے داخلی سلامتی کے ماحول کو بہت بہتر بنا دیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ نے جو  اہم کردار ادا کیا، آرمی چیف نے بطور خاص اس کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سوفٹ ریٹارٹ کے دوران  ہمارے فضائی جنگجوئوں کی بے مثال جرات اور پیشہ ورانہ مہارت ہمارے عزم اور  صلاحیت کا مظہر ہے۔ پوری قوم  کو پاک فضائیہ پر فخر ہے اور مجھے یقین ہے کہ آئندہ برسوں کے دوران پاک فضائیہ  عظمتوں اور صلاحیتوں کی نئی بلندیوں سے ہمکنار ہو گی۔ انہوں نے اکیڈمی میں سعودی عرب کے کیڈٹوں  کی موجودگی کی تعریف کی اور کہا کہ کیڈٹوں کی یہ موجودگی اسلامی جمہوریہ پاکستان، سعودی عرب اور دونوں ملکوں  کی دفاعی فورسز کے درمیان گرمجوش اور برادرانہ تعلقات کا اظہار ہے۔ ہمیں اسلام، برادرانہ تعلقات، ثقافتی  یگانگت  جیسے بندھنوں پر فخر ہے جنہوں نے ہمیں باہم جوڑ رکھا ہے۔ اس کورس میں گریجویشن کرنے والے کل ایک سو تینتیس کیڈٹوں میں سے گیارہ کا تعلق سعودی عرب کی شاہی فضائیہ سے ہے جبکہ چھ لیڈی کیڈٹس بھی پاس آئوٹ ہوئی ہیں۔آرمی چیف نے  پاس آئوٹ ہونے والے کیڈٹ افسروں کو برانچ کے نشانات دئیے اور امتیازی  پوزیشن حاصل کرنے والوں  کو ٹرافیاں عطا کیں۔ جنرل سروس ٹریننگ میں بہترین مجموعی کارکردگی پر چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ٹرافی  کیڈٹ فیضان اقبال کو دی گئی۔ سعودی عرب کے کیڈٹ حاتم محمد آل سوفیانی نے الائیڈ کیڈٹ کی بہترین ٹرافی جیتی۔ ائر ڈیفنس میں بہترین مجموعی کارکردگی پر چیف آف ائر سٹاف ٹرافی کیڈٹ شہریار خان کو عطا کی گئی۔ ایوی ایشن کیڈٹ محمد عثمان نے انجنئیرنگ میں چیف آف ائر سٹاف ٹرافی جیتی۔ فضائی تربیت میں بہترین کارکردگی کی چیف آف ائر سٹاف ٹرافی ایوی ایشن کیڈٹ دانش قیوم کو عطا کی گئی۔ کالج آف ایروناٹیکل انجنئیرنگ میں بہترین مجموعی کارکردگی کی ٹرافی کیڈٹ محمد عثمان نے حاصل کی۔ فضائی تربیت میں بہترین کارکردگی کی اعزازی شمشیر کیڈٹ محمد ابتسام نعیم کو عطا کی گئی۔ پاسنگ آئوٹ کی اس تقریب میں پاک فضائیہ کی شیر دل ٹیم نے فوجی ڈرل (حمزہ فلائٹ) کا شاندار مظاہر ہ کیا۔ آرمی چیف کی آمد پر پی اے ایف اصغر خان اکیڈمی کے کمانڈنٹ ائر وائس مارشل شکیل غضنفر نے ان کا استقبال کیا۔ تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، سفارتکاروں، غیر ملکی عمائدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن