پاک جنوبی افریقہ ٹی ٹونٹی سیریز دونوں ٹیموں آج لاہور پہنچیں گی سیکیورٹی انتظامات فائنل
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس+نامہ نگار) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی۔مہمان ٹیم کمرشل فلائٹ سے آج بدھ کو صبح دس بجے علامہ اقبال ائرپورٹ پہنچے گی، جس کے بعد اس کو ہوٹل میں پہنچایا جائیگا، مہمان سکواڈ کو کرونا ٹیسٹنگ کا مرحلہ بھی ہوگا۔ سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ہونے والے اجلاس میں اعلی سکیورٹی حکام اور پی سی بی عہدیداروں نے شرکت کی۔ یہ اجلاس کئی دنوں سے چل رہے تھے تاہم منگل کو تمام معاملات کو فائنل کرلیا گیا ہے۔ٹیموں کوکرونا پروٹوکولز اورسخت سکیورٹی میں ہوٹل سے قذافی سٹیڈیم ٹریننگ اور میچز کیلئے لایا اورلے جایا جائیگا۔ پلان کے مطابق پانچ فروری سے پاکستان اورجنوبی افریقہ کے کھلاڑی مختلف اوقات میں ٹریننگ کرسکیں گے، چار فروری سے قذافی سٹیڈیم کے ارد گرد موجود ریسٹورنٹ اور دکانوں کو بند کردیاجائیگا۔پاکستانی کھلاڑی بھی آج بد ھ سے بائیو ببل کا حصہ بن جائیں گے۔ابوظہبی ٹی ٹین لیگ کھیلنے والے آصف علی کو ان کی ٹیم نے ریلیز کردیا ہے، وہ بھی کل لاہورپہنچ رہے ہیں۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان گیارہ فروری کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ ہوگا، تیرہ اور چودہ فروری کو باقی میچز طے ہیں۔