مختلف ممالک کو پاکستان میں فٹبال کھیلنے کی دعوت دینگے : ہارون ملک
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک کا کہنا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے انتخابات بروقت کرا دیئے جائیں، اس کیلئے ایس او پیز بنائے جا رہے ہیں جن پر عمل کر کے ہی صاف اور شفاف الیکشن کرائیں گے۔ فیفا ہاوس لاہور میں چیئرمین ناملائزیشن کمیٹی ہارون ملک کا کہنا تھا کہ فٹبال ایونٹس کیساتھ ساتھ فیفا ویک بھی منایا جائیگا جس کیلئے مختلف ممالک کو خط لکھے جائیں گے کہ وہ پاکستان میں آ کر میچ کھیل لیں۔ پی ایف ایف الیکشن کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کرینگے۔ ماضی میں برسراقتدار رہنے والوں کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کوئی آڈٹ نہیں کرایا جا رہا ہے کیونکہ کسی قسم کے کاغذات دستیاب نہیں ہیں دوسرا ہمارے مینڈیٹ میں یہ شامل نہیں کہ ہم کسی کا آڈٹ کرائیں۔ ذمہ داری ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں۔