نیب کا باب پاکستان منصوبہ میں تاخیر کا نوٹس
لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور کی جانب سے اہم ملزم رفاقت علی کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ گرین ویو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے سابق صدر ملزم میاں رفاقت علی کو ضمانت قبل از گرفتاری کی منسوخی کے بعد حراست میں لیا ہے۔ ملزم پر ذاتی مفاد کیلئے گرین ویو ہاؤسنگ سوسائٹی کے رقبہ میں مبینہ خورد برد سے خطیر سرمایہ حاصل کرنے کا الزام ہے۔ ملزم رفاقت علی نے مبینہ طور پر اپنے اور اہلِ خانہ کے نام مجموعی طور پر 40 کروڑ سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنائے جبکہ ملزم رفاقت علی، اہل خانہ اور دیگر بے نامی داروں کے نام پر 100 سے زائد بینک اکاؤنٹس موجود ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے جسکی باقاعدہ تحقیقات جاری ہیں۔ ملزم ہاؤسنگ سوسائٹی کی ڈویلپمنٹ کے نام پر مبینہ طور پر 5 کروڑ کی رقم خورد برد کرنے کا مرتکب ٹھہرا۔ تفصیلات کے مطابق نیب لاہور کو گرین ویو کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی اور لاہور موٹروے سٹی کی انتظامیہ کیخلاف دھوکہ دہی کی تاحال70سے زائد شکایات موصول ہو چکی ہیں جبکہ مرکزی ملزم رفاقت علی اپنے اور اہلِ خانہ کے نام موجود اثاثہ جات کے ذرائع ثابت کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ آج ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ دریں اثناء قومی احتساب بیورو لاہور نے باب پاکستان منصوبے میں تاخیر اور خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان فاؤنڈیشن کے سیکرٹری اور دیگر حکام کو ریکارڈ سمیت 11 فروری کو طلب کر لیا۔