ایپکا کا ملک گیر احتجاج لاہور میں ملازمین رکاوٹیں توڑ کر سول سیکرٹریٹ پہنچ گئے
لاہور، گوجرانوالہ‘ شیخوپورہ‘ ننکانہ صاحب‘ ملتان (خصوصی نامہ نگار+ علاقائی نمائندوں سے) ایپکا پاکستان کے متحدہ قائدین کی کال پرلاہور سمیت ملک گیر ریلیاں اور احتجاج، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختوانخواہ، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر، اسلام آباد میںلاکھوں ملازمین کام چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے۔ لاہور میں مرکزی مظاہرہ سیکرٹریٹ چوک پر ہوا ہزاروں ملازمین نے شرکت کی۔ جس میں لوکل گورنمنٹ کمپلیکس ساندہ روڈ سے آنے والی ریلی کی قیادت مرکزی صدر ایپکا پاکستان حاجی محمد ارشاد چوہدری، محمد یونس بھٹی، محسن سعید نے کی، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ انارکلی سے ریلی کی قیادت ظفر علی خان، مختار گجر و دیگر نے کی۔ دونوں ریلیاں سیکرٹریٹ چوک پر اکٹھی ہو گئیں۔ احتجاجی ملازمین نے بینرز اٹھا رکھے تھے اور مطالبات کی منظوری کے حق میں حکومت، وزیر اعلیٰ کے خلاف 4 گھنٹے تک شدید نعرے بازی کرتے رہے جس سے اطراف کے تمام راستے بند ہو گئے۔ حکومتی رکاوٹیں توڑتے ہوئے ملازمین سول سیکرٹریٹ کے مین گیٹ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ جہاں پر مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے حاجی محمد ارشادچوہدری، ظفر علی خان و دیگر نے کہا لہٰذا ایپکا چارٹر آ ف ڈیمانڈ تنخواہوں میںواضع تفریق کا خاتمہ، وفاقی کلرکوں کی صوبوں کے برابر اپگریڈیشن، کلاس فور ملازمین کو سکیل 5 دینا، بیوروکریسی کی طرح بلا امتیاز 150% تنخواہوں میں مساویانہ اضافہسمیت تمام مطالبات پورے کیے جائیں۔ 5 فروری تک کی ڈیڈ لائن دی جاتی ہے وگرنہ جبکہ 10 فروری2021 کو ایپکا پاکستان کے متحدہ پلیٹ فارم سے پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد تک پْرامن ملک گیر ریلی اور ڈے اینڈ نائٹ احتجاجی دھرنا کا اعلان کیا جاتا ہے۔ جس کی قیادت ایپکا پاکستان کے مرکزی، صوبائی و ضلعی صدور کریں گے جو کہ مطالبات کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک جاری رہے گا۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق آل پاکستا ن کلرکس ایسوسی ایشن (ایپکا) محکمہ تعلیم یو نٹ کے صدر میاں محمد مجاہد کی زیر قیادت ملازمین نے مہنگائی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کے خلاف ایجوکیشن آفس کے باہر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر انکے مطالبات کے حق میں نعرے درج تھے۔ مظاہرہ میں ضلعی صدر ایپکا محمد نعیم ملہی، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری عارف رشید بھٹی، وارث ہنجراء، میاں لیاقت علی، میاں اشفاق احمد، خادم حسین رامے، مظفر علی کھوکھر، محمد ارشد، ظہیر احمد سمیت ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مقررین نے کہا کہ بیورو کریسی نے اپنی تنخواہوں اور الاونسسز میں 150گنا اضافہ کیا ہے مگر اب خزانہ خالی قرار دے کر عام سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جارہا جس کے خلاف تحریک چلانے پر مجبور ہیں۔ دریں اثناء مرکزی و صوبائی قائدین ایپکا کی کال پرآل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ایمپلائز الائنس گروپ کے زیر اہتمام ضلع ننکانہ بھر کی تمام ملازمین تنظیموں نے اپنے مطالبات کے حق میں دفاتر کی تالہ بندی کی اور ڈپٹی کمشنر آفس ننکانہ صاحب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا حکومت نے اڑھائی سالہ دور میں کوئی بھی ریلیف نہ دیا ہے جبکہ مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے گئے ہیں۔ اگر حکومت نے ایپکا کے تمام مطالبات کو منظور نہ کیا تو ملک بھر سے ملازمین 10فروری کو پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے سامنے دھرنا دیں گے جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے ڈویژنل صدر طاہر محمود بھٹی نے کہا ہے کہ مرکزی قیادت کی کال پر ہر منگل کو تمام سرکاری دفاتر میں مکمل ہڑتال اور تالہ بندی کی جا رہی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ دفتر ایجو کیشن سکولز سے احتجاجی ر یلی نکالی گئی شرکاء نے نعرے بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اصافہ کیا جائے۔ دریں اثناء متحدہ ایپکا گوجرانوالہ کا پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے پریس کلب تک مہنگائی کے خلاف احتجاج قیادت محمد آصف خان ڈویژنل صدر‘ اویس ذوالفقار سوہل نے کی انہوں نے کہا کہ اگر 10 فروری سے پہلے مطالبات نہ مانے گئے تو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دہرنا دیں گے اور دمادم مست قلندر ہوگا۔ ملتان سے نیوز ڈیسک، نمائندو ں کے مطابق ایپکا نے مطالبات کے حق میں جنوبی پنجاب کے دفاتر میں تالہ بندی کی اور سڑکوں پر ریلیاں نکالیں اور احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ رحیم یارخان سے نمائندہ خصوصی کے مطابق مہنگائی، تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے کے خلاف ایپکا محکمہ ایجوکیشن یونٹ کے ضلعی صدر محبوب خان کی قیادت میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی، متحدہ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے را ہنماؤں سرفراز اللہ والا، سرفراز احمد خا ن، رفیق سہرانی، شیخ جہانگیر، خیر بخش لغاری، غلام مرتضی نے مہنگائی اور تنخوائوں میں اضافہ نہ کرنے پرحکومت کے خلاف نکالی گئی ریلی سے خطاب کیا۔ خیر پور سادات سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ملازمین نے دفاتر کی تالا بندی کرکے بھرپور احتجاج کیا۔