• news

ڈینئل پرل کیس‘ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کرینگے: سندھ حکومت: فکرمند ہیں: امریکہ

واشنگٹن+ کراچی + اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت) سندھ حکومت نے عمر شیخ کو ڈیتھ سیل سے ریسٹ ہائوس منتقل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے  کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کریں گے۔ سپریم کورٹ میں اپیل چل رہی ہے۔ بدھ کو سندھ ہائیکورٹ نے ڈینیئل پرل قتل کیس میں عمر شیخ اور دیگر ملزموں کو بریت کے باوجود رہا نہ کرنے پر ہوم سیکرٹری و دیگر حکام کیخلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے حکومت سندھ کے جواب کے بعد سیکرٹری داخلہ کو حاضری سے استثنی دے دیا۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے موقف دیا کہ عمر شیخ کو ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کے انتظامات کر رہے ہیں، ایک دو روز میں عمر شیخ کو ریسٹ ہاوس منتقل کردیا جائے گا۔ ادھر امریکہ نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کی جانب سے ڈینیئل  پرل قتل کیس کے مرکزی ملزم احمد عمر شیخ کو منتقل کرنے کے حکم پر ’’فکرمند‘‘ ہے۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی ترجمان نے کہا کہ ’’امریکہ کو ڈینیئل پرل کے اغوا اور قتل میں ملوث افراد کے مقدمات میں ہوئی پیش رفت پر گہری تشویش ہے۔ علاوہ ازیں سپریم کورٹ نے سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ تحریری حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ احمد عمر شیخ کو دو روز تک جیل میں آرام دہ رہائش کی سہولت فراہم کی جائے۔ دو دن میں تمام ضروری انتظامات مکمل کر کے احمد عمر شیخ کو سرکاری ریسٹ ہاؤس منتقل کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن