290 کلو میٹر تک جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت والے میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے گذشتہ روز زمین سے زمین تک مار کرنے والے بلیسٹک میزائل غزنوی کی کامیاب پرواز کا تجربہ کیا ہے۔ میزائل دو سو نوے کلومیٹر تک اپنے ہدف کو روایتی اور ایٹمی وار ہیڈ سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ تجربہ تربیتی نوعیت کا تھا اور آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کی سالانہ فیلڈ تربیتی مشقوں کا نکتہ عروج بھی تھا۔ آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی، ایس پی ڈی کے سینئر افسروں، سائنسدانوں، انجینئرز اور سٹرٹیجک اداروں کے افسران نے یہ تجربہ ملاحظہ کیا۔ آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کے سربراہ نے آپریشنل تیاری اور ہتھیاروں کے اس نظام کو بروئے کار لانے میں شاندار مہارت کی تعریف کی۔ انہوں نے ان مشقوں کے دوران فوجی دستوں کے تربیتی معیار پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت، وزیر اعظم، مسلح افواج کے سربراہان نے آرمی سٹرٹیجک فورس کے تمام رینکس کو اس کامیاب تجربہ پر مبارک باد دی ہے۔