• news

پی ٹی آئی سینٹ میں سب سے بڑی جماعت بنے گی: عمران

اسلام آباد + لاہور (نیوز رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) سینٹ انتخابات پر حکومتی حکمت عملی اور مشاورت کے لیے وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب اور گورنر چودھری محمد سرور کو اسلام آباد طلب کر لیا۔ روانگی سے قبل گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا تھا کہ سینٹ انتخابات کے لیے حکومت اور اتحادی ایک پیج پر ہیں۔ سینٹ انتخابات میں حکومت اور اتحادی ہی کامیاب ہونگے۔ پی ٹی آئی سینٹ بھی سب سے بڑی جماعت بنے گی۔ سینٹ انتخابات میں شفافیت کیلئے اوپن بیلٹنگ لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اگر سینٹ انتخابات میں شفافیت کی حامی ہے تو حکومت کا ساتھ دے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک بھر میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی دستیابی و قیمتوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس ہوا۔ اجلاس میں متعلقہ وفاقی و صوبائی وزرائ، سیکرٹری صاحبان، چیف سیکرٹری صاحبان و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ وزیرِ خزانہ نے کنزیومر پرائس انڈیکس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چینی، انڈوں، پیاز وغیرہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ آٹے کی قیمت میں استحکام دیکھنے کو آیا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ہول سیل اور ریٹیل میں قیمتوں میں فرق مارکیٹ کمیٹیوں کی ناکامی کی نشاندہی کرتا ہے۔  اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی دو صوبائی حکومتوں میں موجودہ مارکیٹ کمیٹیوں کو فوری طور پر ختم کر دیا جائیگا۔ شفاف عمل کے نتیجے میں قابل افراد پر مشتمل کمیٹیوں کے قیام تک یہ ذمہ داری متعلقہ ضلعی و تحصیل انتظامیہ کو سونپی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائس لسٹ پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو شوگر کی مد میں وصول شدہ سیل ٹیکس کی تفصیلات فراہم کی جائیں گی تاکہ اس نظام کو شفاف بنایا جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف بی آر کے موثر اقدامات کے نتیجے میں جولائی سے جنوری کے عرصے میں شوگر سیل ٹیکس کی مد میں 84فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیرِاعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام سٹورز پر بنیادی اشیائے ضروریہ کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم نے وزارتِ نیشنل فوڈ سکیورٹی کو ہدایت کی کہ مستقبل کی ضروریات کے حوالے سے گندم، چینی جیسی بنیادوی اشیائے ضروریہ کے تخمینوں کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔  وزیراعظم نے تمام چیف سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی کہ پرائس لسٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے انتظامیہ کا متحرک اور فعال کردار یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف فوری ایکشن کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے پنجاب  اور خیبر پی کے کی مارکیٹ کمیٹیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کو مس گورننس اور کرپشن کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔ وزیراعظم عمرن خان کی زیر صدارت ایف بی آر سے متعلق اجلاس ہوا ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ٹیکس چوری میں ملوث شوگر ملز مالکان کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیدیا۔ شوگر ملز کے گیٹوں پر کیمرے نہ لگنے پر وزیراعظم نے اظہار برہمی کیا وزیراعظم نے شوگر ملز پر15 روز میں سی سی ٹی وی وی کیمرے لگانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کے ساتھ ائر چیف مارشل مجاہد انور نے ملاقات کی ملاقات میں مختلف امور زیر غور آئے۔ وزیراعظم  عمران خان سے مصر کے سفیر نے ملاقات کی باہمی تجارت بڑھانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مصر کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پرعزم ہیں۔ مصر سے تجارت معاشی تعلیم اور ثقافت میں تعاون کو فروغ دیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ دور گیا جب اشرافیہ کی معلومات عوام تک نہیں پہنچتی تھی۔ میں اپنی حکومت میں دوہرا معیار نہیں چلنے دوں گا۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ شوگر کمیشن رپورٹ کی سفارشات پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔ بروقت کام مکمل نہ ہوا تو ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔ عام دکاندار سے جو سلوک ہو رہا ہے وہی بڑے شوگر مل مالکان کیساتھ ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن