• news

سپریم کورٹ کا ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کے اعلان کا نوٹس

 اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وزیراعظم کی جانب سے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز دینے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے اٹارنی جنرل اورصوبائی  ایڈووکیٹ جنرلز سے جواب طلب کرلیا ہے جبکہ معاملے پر خصوصی بینچ کی تشکیل کے لئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوا دیا ہے۔ بدھ کو جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مقدمے کی سماعت کے دوران اخباری خبروں کا نوٹس لیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ کیا وزیراعظم کا ترقیاتی فنڈز دینا آئین، قانون اور عدالتی فیصلوں کے مطابق ہے۔ اٹارنی جنرل حکومت سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کریں۔ اگر یہ ترقیاتی فنڈز آئین قانون کے مطابق ہوئے تو یہ چیپٹر ختم کردیں گے۔ ترقیاتی فنڈز کا معاملہ آئین اور قانون کے مطابق نہ ہوا تو کارروائی ہوگی۔ اس پر اٹارنی جنرل نے موقف اپنایا کہ وہ حکومت سے ہدایات لے کر عدالت کو آگاہ کریں گے، جو بھی کام ہوگا وہ قانون، آئین اور عدالتی فیصلوں کی روشنی میں ہوگا۔ اس پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ عدالتی کارروائی پر بینچ بنانے کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوایا جائے گا، عدالت نے مزید سماعت آئندہ بدھ تک ملتوی کردی ۔

ای پیپر-دی نیشن