شمالی وزیرستان میں آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک، 2 نوجوان شہید،4 زخمی
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے چار خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلہ کے دوران ایک نائب صوبیدار اور ایک سپاہی شہید ہو گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے میر علی میں ایک عمارت کے اندر دہشت گردوں کی موجودگی دیکھی۔ جوں ہی علاقہ کو گھیرا گیا تو دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا جو سکیورٹی فورسز پر حملوں، اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور آئی ای ڈی حملوں میں ملوث تھے۔ کارروائی کے دوران چترال کے رہائشی بیالیس سالہ نائب صوبیدار امین اللہ اور لنڈی کوتل سے تعلق رکھنے والے چوبیس سالہ سپاہی شیر زمان شہید اور چار سپاہی زخمی ہو گئے۔