قومی ٹیم پنڈی ٹیسٹ جیت کر سیریز بھی نام کریگی: شاداب خان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)قومی کرکٹر شاداب خان نے کہاہے کہ پاکستان ٹیم پنڈی ٹیسٹ میں بھی اچھا پرفارم کریگی اور ٹیسٹ جیت کر سیریز اپنے نام کریگی۔شاداب خان دورہ نیوزی لینڈ میں فٹنس مسائل سے دوچار ہو ئے تھے اور اسی وجہ سے وہ ان دنوں بحالی مکمل کر رہے ہیں اور پاکستان سکواڈ کا حصہ نہیں ہیں۔ ٹیم میں نہ ہونے سے مایوسی تو ہوتی ہے لیکن جو چیز میرے ہاتھ میں نہیں ہے میں اس کی ٹینشن نہیں لیتا، فٹنس یا انجری میرے ہاتھ میں نہیں البتہ ضرور جلد ٹیم کا حصہ ہوں گا۔ میں نہیں کھیل پا رہا تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ٹیم اچھا نہیں کھیل رہی، پاکستان ٹیم اس وقت بہت اچھا کھیل رہی ہے، ٹیم نے کراچی ٹیسٹ میں بھی فائٹ کی اور کامیابی حاصل کی، ہم پنڈی ٹیسٹ جیتیں گے اور سیریز بھی اپنے نام کریں گے۔ پی ایس ایل میں کراؤڈ نہ ہوا تو اسے مس کریں گے کیونکہ فینز بڑی تعداد میں سٹیڈیمز آتے ہیں اور وہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے ہیں جس سے حوصلہ افزائی ہو تی ہے، ہمیں امید ہے کہ فینز کو سٹیڈیمز میں آنے کی اجازت ملے گی اور وہ ہمیں سپورٹ کریں گے۔ حسن علی کی ہمیں اپنی ٹیم میں ضرورت تھی اس لیے انہیں اسلام آباد یونائیٹڈ میں لیا، ہم دوست سب ایک جگہ ا کٹھے ہو گئے ہیں، یہ اپنی جگہ درست بات ہے لیکن سب سے بڑھ کر یہ چیز ہے کہ حسن علی اچھا پرفارم کرتے ہو ئے آرہے ہیں، وہ اسی طرح پرفارم کریں گے اور ہمیں پی ایس ایل کا چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔