ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں نئے 27 سول ججز نے عہدوں کا حلف اٹھا لیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی)پنجاب کی ڈسٹرکٹ جوڈیشری میں نئے بھرتی ہونے والے 27 سول ججز نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ ملک مشتاق احمد اوجلہ نے ان سے حلف لیا۔ اس موقع پر ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری، قائم مقام ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ہیومن ریسورس بھی موجود تھے۔حلف اٹھانے والے سول ججز سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ ملک مشتاق احمد اوجلہ کا کہنا تھا کہ جج کے انتخاب میں اللہ کا انتخاب شامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دیکھنا ہوگا کہ بطور منصف ہمیں اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے. جب ہم یہ سمجھ لیں کہ ہماری روزمرہ عدالتی کارروائی کو اللہ تعالیٰ دیکھ رہا ہے تو ہمارے لئے آسانیاں ہونگی۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ انصاف کرنا اللہ تبارک و تعالیٰ کا وصف ہے جو اس نے ہمیں عنایت فرمایا ہے۔ بہترین جج کیلئے ضروری ہے کہ اپنے رویے میں شائستہ ہو اور فیصلوں میں سخت ہو، بطور جج معاشرے میں مقام اور احترام بڑھ جاتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس ادارے کی نئے آنے والے ججز سے بہت زیادہ امیدیں وابسطہ ہیں۔ نئے بھرتی ہونیوالے ججز کا تین مہینوں پر مشتمل تربیتی کورس 8 فروری سے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں شروع ہوگا۔