• news

کوئی قوت پاکستانیوں اور کشمیریوں کا لازوال رشتہ ختم نہیں کرسکتی:عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیراعلیٰ  سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اڑھائی برس کے دوران اپوزیشن کی ہر سازش ناکام رہی ہے۔ حکومت پہلے سے زیادہ مضبوط ہے۔ حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والوں کے ارمان 2023 تک پورے نہیں ہوں گے۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں، صرف نان ایشوز پر سیاست کی جا رہی ہے۔ عوام کو کھوکھلے نعروں سے بہلانے کا دور گزر چکا ہے۔ سابق دور میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دی گئی۔ علاوہ ازیں  عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پوری قوم مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ نہتے کشمیریوں کی عظیم جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاکستان اور کشمیر ایک لڑی میں پروئے ہوئے ہیں۔ پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں -پاکستان کشمیر اور کشمیر پاکستان کے بغیر نامکمل ہے- کشمیریوں کے ساتھ ہمارا رشتہ محبت، بھائی چارے اور اخوت کا ہے- کشمیری عوام اپنے قیمتی لہو سے آزادی کی نئی تاریخ لکھ رہے ہیں -ہم کل بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے تھے، آج بھی ساتھ کھڑے ہیں اور کل بھی ساتھ کھڑے رہیں گے- کوئی قوت پاکستانیوں اور کشمیریوں کے لازوال رشتے کو ختم نہیں کرسکتی- بے گناہ لوگوں کی شہادت پر دنیا کی خاموشی کا کوئی جواز نہیں - اقوام عالم کو اس سلگتے مسئلے کے حوالے سے خواب غفلت سے بیدار ہونا پڑے گا- بھارت کو ہر ظلم کا حساب دینا ہوگا- بے گناہ شہید کشمیریوں کا خون رنگ لائے گا اور آزادی کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی- وزیراعلیٰ نے بیلسٹک میزائل غزنوی کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔  شمالی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے دو جوانوں کو خراج عقیدت کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن