• news

آزادی کیلئے کشمیریوں کی عظیم قربانیاںرائیگاں نہیں جائینگی: پرویز الہی

لاہور (سید عدنان فاروق) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی اور حق خودارادیت کیلئے ان کی جدوجہد کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی 73 سالہ جدو جہد کا عالمی برادری کو اعتراف کرتے ہوئے انکے ساتھ  بھارت کے ظلم و ستم اور زیادتیوں کا راستہ روکنے اور کشمیریوں کے بنیادی حقوق کو نظر انداز کرنے کی تلافی کیلئے مسئلہ کے فوری  حل کیلئے مدد کرنی چاہیے۔ ہماری جماعت نے کشمیریوں پر مظالم کے خلاف اور انکے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز بلند کی ہے۔ ہم بھارت مظالم، لائن آف کنٹرول پر بھارت جارحانہ کارروائیوں میں اضافے اور حالیہ دنوں میں وسیع پیمانہ پر کشمیر ی حریت رہنمائوں کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ کشمیری عوام یو این او میں کئے گئے بھارتی وعدوں پر عملدرآمد چاہتے ہیں۔ کشمیریوں نے جو عظیم قربانیاں دیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ برصغیر کی تقسیم کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے پاکستان مسلم لیگ ان کا ساتھ دیتی رہے گی۔ بھارتی افواج انہیں حق خودارایت دینے کی بجائے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کا یہ ہتھکنڈا ستعمال کر رہی ہیں۔ بنیادی انسان حقوق کی کھلم کھلا دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ خواتین، بچوں اور بزرگوں پر ہر قسم کا جبرو تشدد انتہا کو پہنچ چکا ہے۔ مگر کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ دنیا بھر کے جمہوریت اور امن پسند لوگ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ظلم و تشدد سے بچانے کیلئے وہاں سے بھارت فوجیوں کے انخلا کا پر زور مطالبہ کرتے ہیں۔ بھارت کشمیری رہنمائوں کی تجاویز پر توجہ دے۔بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط کشمیر میں سانس لینا مشکل کر دیا گیا ہے۔ کشمیر کو موجودہ بھارتی ظلم وجبر سے نکالنے اور خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہو گیا ہے۔ خطے میں ترقی اُسی صورت ممکن ہو سکتی ہے جب کشمیر کا مسئلہ حل ہو گا۔ امن پسند لوگوں پر بھارتی ظلم انسانیت کی توہین ہے۔ اس دیرینہ تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کا دارومدار  اقوام متحدہ کی قرادادوں پر ہے۔ بھارت پر دبائو ڈالا جائے کہ وہ ان قراداروں پر عمل کرے۔

ای پیپر-دی نیشن