پاکستان کی کوشش سے مودی سرکار مسئلہ کشمیر پر پسپا ہوتی دیوار سے جالگی : فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیر اعلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ایک ایسا ادھورا ایجنڈا ہے جس کے بطن سے خطے کے ممالک کے لئے سنجیدہ نوعیت کے مسائل نے جنم لیا ہے۔ اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کشمیری حریت پسند اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ نوائے وقت سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا ہر پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار بیٹھا ہے۔ حکومت پاکستان کی دن رات کی کاوشوں کی بدولت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر ہر فورم پر پوری قوت کے ساتھ اجاگر ہوا ہے۔ آج مودی سرکار مسئلہ کشمیر پر پسپا ہوتی ہوئی دیوار کے ساتھ جا لگی ہے۔ کشمیری آزادی کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور آزاردی ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ اس لئے وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو آزادی نصیب ہوگی۔ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ توپ و تفنگ کشمیریوں کی جدوجہد اور اہل پاکستان کو کشمیریوں کی ہر سطح پر حمایت سے کسی صورت دست بردار نہیں کر سکتے۔ کشمیر کا مقدمہ جیتنے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے اور آزادی کشمیر کی صبح اب زیادہ دور نہیں۔