یکجہتی کشمیر ریلیاں‘ لاہور میں مظاہرہ‘ حکومت آزادی کیلئے عملی قدم اٹھائے: شرکاء
لاہور،گوجرانوالہ (وقائع نگار خصوصی+ علاقائی نمائندوں سے) لاہور سمیت مختلف شہروں میں یکجہتی کشمیر ریلیاں نکالی گئیں اور سیمینارز کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر مذمت سے نہیں ہمت سے آزاد ہوگا۔ گوجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، اوکاڑہ، حاصل پور، قبولہ میں شرکاء کا کہنا تھا اب کشمیر کی آزادی کیلئے فائنل راؤنڈ کھیلا جائے۔ بھارت تین ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائیگا۔ لاہور سے وقائع نگار خصوصی کے مطابق لاہور کے جی پی او چوک میں یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں وکلاء کی بڑی تعداد نے پرجوش مظاہرہ کیا اور کشمیر کی آزادی کیلئے حکومت سے عملی اقدام اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ سول سوسائٹی ارکان نے بھی شرکت و خطاب کیا۔ شرکا نے آخر دم تک کشمیریوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔ مظاہرے سے پاک کشمیر لائرز فورم کے صدر رانا عبدالحفیظ، الامہ لائرز فورم کے صدر چودھری عبدالرؤف، لاہور ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری ہارون دوگل، ممبر پنجاب بار کونسل رائے نواز کھرل، ناموس رسالت کمیٹی لاہور ہائی کورٹ بار کے صدر صاحبزادہ میاں محمد اشرف عاصمی، کشمیر لبریشن کمیٹی لاہور ہائی کورٹ بار کے نائب صدر راؤ طاہر شکیل، مدثر فیضی، اے آر نقوی، فیصل سیال، اشفاق کھرل، علی عمران شاہین، ڈاکٹر شاہد نصیر، عتیق مغل، ضیاء اللہ بھٹی و یگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کی لائف لائن ہے۔ کشمیر کی آزادی تک پاکستان نامکمل اور غیر محفوظ ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلہ میں پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام گذشتہ روز مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی جسکی قیادت ڈائریکٹر آرٹس کونسل ڈاکٹر حلیم خان، اسسٹنٹ کمشنر شاہد عباس جوتہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈیم شمسہ گیلانی نے کی۔