• news

بھارت جتنا ظلم کرتا، تحریک آزادی کشمیر اتنا ہی بڑھتی ہے : ڈی جی نیب لاہور

لاہور (میاں علی افضل سے) قومی احتساب بیورو (نیب)، لاہور کے ڈائریکٹر جنرل شہزاد سلیم نے یوم  یکجہتی کشمیر کے موقع پر  کشمیر کی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور قومی ادارہ نیب محصور کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ پاکستان اور پاکستان کے عوام  بھارتی ظلم و جبر کو پورے عالم کے سامنے اجاگر کرنے میں مصروف عمل رہے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک رہیں گے۔ تمام  پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ بابائے قوم محمد علی جناح نے دوقومی نظریہ پیش کر کے نہ صرف مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا بلکہ ہندوتوا کی سوچ بھی بھانپ لی تھی۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ آج مودی حکومت نے قائد اعظم کے اس خواب کو سچ کر دکھایا ہے۔ پاکستانی قوم آج بھی قائداعظم محمد علی جناح کے فرمودات پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے اور انہی کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق کشمیریوں کی آزادی کے حصول میں جاری جدوجہد میں بھرپور انداز میں شریک ہے۔ پاکستانی قوم کشمیریوں کی آزادی کے حصول میں جاری جدوجہد میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ کشمیر پر حکومتی پالیسیاں دنیا کے سامنے مزید واضح کرنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ میں کشمیر کی آزادی کی قراردادوں پر عملدرآمد کروانے کی بھی ضرورت ہے۔ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں۔ پاکستان کشمیر کا مقدمہ ہر فورم پر بڑے احسن انداز میں لڑ رہا ہیں۔ چین، ترکی نے بھی کشمیریوں کی آزادی کی بات کی ہے۔  بھارت جتنا ظلم کشمیری بھائیوں پر کرتا ہے آزادی کی تحریک اتنی ہی بڑھتی ہے اور وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھی مکمل طور پر آزاد ہونگے۔

ای پیپر-دی نیشن