مرحوم والد پر کرپشن کا الزام‘ دانیال عزیز کا شہزاد اکبر کے خلاف قانونی جنگ کا اعلان
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ ( ن )کے رہنما دانیال عزیز نے اپنے مرحوم والد کے خلاف کرپشن کے الزامات پر مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر کے خلاف قانونی جنگ کا اعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نے میرے والد پر کرپشن کر الزام لگایا، میں ان کے خلاف کریمنل کورٹ پروسیجر کے تحت قانونی جنگ لڑوں گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں لیکن شریف لوگوں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں۔ شہزاد اکبر کو اگر کوئی شبہ ہے تو میرے بارے میں اپنے ساتھیوں سے پوچھ لیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا 2400 کنال اراضی سے کوئی تعلق نہیں۔ اس فہرست میں قیام پاکستان سے قبل 24 سو کنال زمین کا ذکر ہے، یہ زمین قیام پاکستان سے قبل بھیڑ پال اسکیم کے تحت دی گئی تھی اور اسے غلط طور پر مجھ سے منسوب کیا جا رہا ہے۔ میرے والد اس زمین کے معاملے پر انہیں عدالت میں لے گئے، عدالت نے میرے والد کے حق میں فیصلہ کیا۔