شاہ محمود‘ سری لنکن منصب کا ٹیلیفونک رابطہ‘ عالمی فورمز پر تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کے وزراء خارجہ کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دوطرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق سری لنکا کے وزیر خارجہ دانش گوناوردینا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہشمند ہیں۔ اعلیٰ سطح روابط کا فروغ، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔ پارلیمانی سطح پر تعاون قابل ستائش ہے۔ پارلیمانی تعاون کے فروغ کے لئے پاکستان، سری لنکا فرینڈشپ گروپ کا قیام ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین عالمی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔