وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات ، سیسہ پلائی دیوار کی طرح کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ بیرسٹر خالد خورشید نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور دو طرفہ تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے یوم یکجہتی کشمیر پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے نہتے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور معصوم لوگوں پر بھارتی ظلم و ستم کی شدید مذمت کی۔ پنجاب حکومت اور گلگت بلتستان حکومت کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ معاہدے کے تحت پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ گلگت بلتستان حکومت کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سسٹم ڈویلپ کرنے میں معاونت فراہم کرے گا۔ گلگت بلتستان کے ہیلتھ کیئر سسٹم، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں پہلے سے بڑھ کر تعاون کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کے پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسوں کو پنجاب میں تربیت فراہم کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کے کوٹے کے معاملے پر ہمدردانہ غور کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں کوٹے کے مسئلے کو خوش اسلوبی سے حل کریں گے۔ ہم کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت پاکستان اور کشمیر کے عوام کے انمٹ رشتے کو جدا نہیں کر سکتی۔ کشمیر کل بھی ہمارا تھا، آج بھی ہے اور کل بھی رہے گا۔ مودی سرکار نے اپنے ہاتھ معصوم کشمیریوں کے قیمتی لہو سے رنگے ہوئے ہیں۔کشمیر کا بچہ بچہ آزادی مانگ رہا ہے۔ بیرسٹر خالد خورشید نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کی روایتی ٹوپی ’’شانٹی‘‘ پہنائی اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو گلگت بلتستان کے دورے کی دعوت دی۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پولو میچ دیکھنے کی بھی دعوت دی۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر گورنر ہائوس میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سمیت دیگر شخصیات نے بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پوری قوم یک زبان اور یکجا ہو کر یوم یکجہتی کشمیر منا رہی ہے۔ دنیا کو یہ پیغام دیا گیا ہے کہ پاکستان پہلے بھی کشمیریوں کے ساتھ تھا، ساتھ ہے اور ساتھ رہے گا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہے۔عمران خان کشمیریوں کے حقیقی سفیر اور وکیل ہیں اور انہوں نے ہر فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ دنیا کے سامنے بھرپور انداز سے لڑا ہے۔