کشمیری بھائیوں کے ساتھ تحریک آزادی کیلئے سردھڑ کی بازی لگادینگے: پیرپگاڑا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی پیر پگاڑا نے کہا ہے کہ 5 فروری کو یوم یک جہتی کشمیر پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔ یہ روایت وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مستحکم ہوتی جارہی ہے۔ اس دن کو منانے کا آغاز تقسیم کشمیر سے قبل ہی 1932ء میں ہو گیا تھا لیکن یہ سلسلہ ٹوٹتا اور جڑتا رہا۔ پاکستان بننے کے بعد بھی کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جاتا رہا تاہم اس کے لیے کوئی خاص دن مقرر نہیں تھا۔ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے آباؤاجداد نے برصغیر میں تحریک آزادی میں جان و مال کی قربانی دی۔ خاص طور پر قیام پاکستان میں پگاڑا خاندان اور حر مجاہدین کی لازوال قربانیاں تاریخ آزادی کا سنہرا باب ہیں جنہیں کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ میں یاد دلانا چاہتا ہوں کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا۔ اس کا تحفظ ہر پاکستانی کا فرض ہے کیونکہ اسی میں پاکستان کی بقا ہے۔ آج کا دن منانے کا اہم مقصد یہی ہے کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد دلائیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ان کی آزادی کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دیں گے۔ بھارت کے ظلم و بربریت کو دنیا بھر کے سامنے لانے کے لئے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ ہم ایک ہیں اور کشمیر ہمارا ہے۔ ہمارا صرف ایک ہی نعرہ ہے۔ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘۔ دفاع وطن، کشمیر کی آزادی اور مظلوم کشمیری عوام کو ان کے حقوق دلانے کی اس تاریخی تحریک میں افواج پاکستان نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور اپنے ہزاروں جوانوں کی قربانی دی ہے۔ میں ان عظیم قربانیوں پر افواج پاکستان کو بھی سلام پیش کرتا ہوں۔