لاہور اورکراچی کے درمیان چلنے والی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس دوبارہ بحال
لاہور( کامرس رپورٹر ) محکمہ ریلوے نے لاہور اورکراچی کے درمیان چلنے والی وی آئی پی ٹرین جناح ایکسپریس کو دوبارہ بحال کر دیا۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے لاہور ڈویژن محمد ناصر خلیلی نے لاہور ریلوے سٹیشن پر ٹرین کی بحالی کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے معزز مسافروں کوان کی سیٹ پر جا کرپھول پیش کیے۔ڈی سی او ریلوے شیریں حنا اصغر ڈی ٹی او بشری رحمن سمیت متعلقہ ڈویژنل افسر بھی موجود تھے۔ جناح ایکسپریس خانیوال، روہڑی، حیدرآبادسٹاپ کرتی ہوئی چھ فروری کو کراچی پہنچے گی اوراگلے روز صبح 7بجکر 20منٹ پر لاہور پہنچے گی۔جناح ایکسپریس سات اکانومی کلاس کوچز ،پانچ اے سی بزنس ڈائنگ کار، بریک وین ، لیگج وین اور ایک پاور پلانٹ پر مشتمل ہے۔ ڈی ایس محمد ناصر خلیلی نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران بند ہونے والی ٹرینوں کو مرحلہ وار بحال کیا جارہا ہے۔