کپاس کی کم پیداوارسے 600ارب روپے نقصان پہنچا :کاٹن جینز ایسوسی ایشن
لاہور (کامرس رپورٹر)کپاس کی پیداوار میں ریکارڈ کمی سے ملکی معیشت کو ساڑھے چھ سو ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ۔بے روزگاری اور کھیت مزدوروں کی مجموعی آمدنی میں بھی 50 ارب روپے تک کی کمی ہو گئی اور پیداوار میں مسلسل کمی کے باعث 60 فیصد جننگ فیکٹریوں بھی بند ہو گئیں۔پاکستان کاٹن جینز ایسوسی ایشن کے مطابق ملک بھر کی جننگ فیکٹریوں میں یکم فروری تک مجموعی طور پر 55 لاکھ 71 ہزار 666 بیلز کے برابر پھٹی لائی گئی جو گزشتہ سال سے 29 لاکھ 15 ہزار بیلز کم ہے پنجاب کی جننگ فیکٹریوں میں اب تک 34 لاکھ 36 ہزار 731 بیلز کے برابر پھٹی لائی گئی تھی جو گزشتہ سال سے 31.5 فیصد کم ہیں ۔سندھ کی فیکٹریوں میں 21 لاکھ 34 ہزار 935 بیلز کپاس لائی گئی جو گزشتہ سال سے 38.5 فیصد کم ہیں۔روان سیزن ملک میں کپاس کی مجموعی پیداوار گزشتہ سیزن سے 34 فیصد کم رہی دو سالوں میں پیداوار مجموعی طور پر 48 فیصد سے زیادہ کمی سے 30 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔