افغانستان : ننگر ہار میں فضائی حملے ، 18طالبان عسکریت پسند مارے گئے
جلال آباد، افغانستان(شِنہوا)افغانستان کے مشرقی صوبہ ننگرہار میں رات گئے عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے پر افغان فضائیہ کے حملے میں کم از کم 18 طالبان عسکریت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔مقامی حکومت نے ہفتے کے روز اس کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا کہ فضائی حملے ننگرہار کے مغرب میں واقع پہاڑی ضلع شیرزاد میں کیے گئے۔بیان میں واضح کیا گیا کہ مرنیوالوں میں سے 14 افراد طالبان کی نام نہاد ریڈیونٹ یا اسپیشل فائٹررجمنٹ کے رکن تھے جن میں عسکریت پسندوں کا ڈویژنل کمانڈرخالد بھی شامل ہے۔بیان کے مطابق فضائی حملوں میں ریڈ یونٹ کے 10 جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔افغان سیکورٹی فورسز نے موسم سرما کے دوران دیہی علاقوں میں اپنے قدم جمانے اور زمین پر قبضے کی کوشش کرنیوالے طالبان عسکریت پسندوں کیخلاف اپنی کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔عسکریت پسند گروہ نے ابھی تک اس خبر پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔