پہلی پیشی پر فتح کا اعلان،لیگی ترجمانوں کو21 توپوں کی سلامی ، فیاض چوہان
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہباز شریف کی جانب سے لندن کے جریدے ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کے دعوے کی ابتدائی پیشی پر ن لیگی قائدین کے بیانات پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہر بار کی طرح اس بار بھی ن لیگی رہنماؤں کو انگریزی سمجھ نہ آئی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیلی میل کے خلاف برطانوی ہائی کورٹ میں پہلی پیشی پر فتح کے اعلان کرنے پر لیگی ترجمانوں کو اکیس توپوں کی سلامی جنہوں نے ابتدائی مرحلے پر ہی شہباز شریف کی بے گناہی کا ڈھنڈورا پیٹنا شروع کر دیا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ برطانوی جج کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے سے شریف خاندان پر لگے منی لانڈرنگ کے داغ دھل نہیں جائیں گے۔