• news

اپوزیشن سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ چاہتی‘ ن لیگ‘ پی پی کرپشن بغیر جیت نہیں سکتیں: مراد سعید

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ قبضہ مافیا نے مریم نواز کو سونے کا تاج پہنایا۔ عمران خان سینٹ انتخابات میں شفافیت چاہتے ہیں مگر اپوزیشن والے مخالفت کر رہے ہیں۔ اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ چاہتی ہے۔ میاں جاوید لطیف، خرم دستگیر، محسن شاہ، نیئر بخاری، چوہدری تنویر، دانیال عزیز اور دیگر بہت سے قبضہ مافیا میں شامل تھے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے کہاکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے کرپشن کے بغیر الیکشن نہیں جیت سکتے۔ عمران خان کرکٹ کے کھیل شفافیت کیلئے نیوٹرل امپائر لے کر آئے۔ عمران خان نے الیکشن سسٹم ٹھیک کرنے کیلئے تاریخ کا سب سے طویل احتجاج کیا۔ وزیراعظم نے اپنی پارٹی کے 20 ارکان پارلیمنٹ کو ووٹ  بیچنے  پر نکالا۔ عمران خان سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے شفاف بنانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن والے مخالفت کررہے ہیں۔ نواز شریف علاج کے بہانے لندن میں چھپے بیٹھے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ہر عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اجاگر کیا اور کرتے رہیں گے۔ مراد سعید نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں۔ ضمیروں کے سوداگروں کا خاتمہ ہو۔ اپوزیشن والے لوٹ کھسوٹ کے سسٹم کا  خاتمہ نہیں چاہتے۔ ایک طرف جمہوریت طریقے سے اقتدار میں آنے والی قیادت  تو دوسری طرف چور دروازے سے  اقتدار میں آنے کی کوشش میں رہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن