• news

مظفرگڑھ : آن لائن امتحان کا مطالبہ کرنیوالے طلبا کی پولیس سے جھڑپ،4اہلکار،1طالبعلم زخمی

مظفرگڑھ(نامہ نگار،نوائے وقت رپورٹ) آن لائن امتحانات نہ لیے جانے پر مظفر گڑھ میں طلبہ آپے سے باہر ہوگئے ، پولیس سے جھڑپ پر مشتعل طلبہ نے پولیس اہلکاروں کی موٹر سائیکل جلادی اور مذاکرات کیلئے آنے والے4 پولیس اہلکاروں پر تشددکرکے انہیں زخمی کردیا ۔ پولیس کے مطابق طلبہ کے حملے میں 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے، پولیس نے قانونی کارروائی کااشارہ بھی دے دیا۔گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج مظفرگڑھ کے طلبا نے ڈیرہ غازی خان بائی پاس روڈپر احتجاج کرتے ہوئے ٹریفک کیلئے بلاک کردیا۔تصادم کے بعد اے سی رانا شعیب، ایس پی انویسٹی گیشن جاوید احمد، ڈی ایس پی فاروق احمد، تحصیلدار ظفرمہاروی اور پانچ تھانوں کے ایس ایچ اوز  وپولیس کی نفری حفاظتی سامان اور آنسوگیس کے شیل لے کر پہنچے لیکن طلبا کا مطالبہ تھا کہ انکے پیپر آن لائن لیے جائیں تاکہ سال ضائع نہ ہواور طلبا پر تشدد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کیاجائے۔مذاکرات کی ناکامی پر کالج پرنسپل پروفیسر مسعود اختر اور دیگر نے طلباکو یقین دہانی کرائی کہ انکے مطالبات کے حوالے سے یونیورسٹی کو سفارشات بھیجی جائیں گی  جس پرچار گھنٹوں کے احتجاج کے بعد طلبانے روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا۔احتجاج کے باعث ٹریفک کی لمبی لائنیں لگ گئیں ،کئی ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن