جب بھی موقع ملا عوامی فلاحی کاموں کو ترجیح دی: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے سپریم کورٹ بار کے نائب صدر چودھری ارشد باجوہ نے وفد کے ہمراہ یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں رانا احمد شہزاد فاروق جنرل سیکرٹری سپریم کورٹ بار، چودھری عارف محمود ایگزیکٹو ممبر سپریم کورٹ بار، ناصر صدیقی ایگزیکٹو ممبر سپریم کورٹ بار، چودھری منظور وڑائچ صدر رحیم یار خان بار، آصف محمود چیمہ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور عامر سعید راں ایڈووکیٹ بھی شامل تھے۔ قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے ہمیشہ عوامی فلاحی کاموں کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں وکلاء کیلئے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت سہولیات کے علاوہ دل کے علاج کی سہولیات بھی میسر تھیں، انہیں اسی طرح کی سہولیات دوبارہ ملنی چاہئیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے سپریم کورٹ بار کی ہائوسنگ سوسائٹی کیلئے وکلاء رہنمائوں کی درخواست پر کہا کہ وفاقی وزیر ہائوسنگ طارق بشیر چیمہ سے بات کر کے سپریم کورٹ بار کیلئے ہائوسنگ سوسائٹی انشاء اللہ جلد شروع کروائی جائے گی۔ نائب صدر سپریم کورٹ بار چودھری ارشد باجوہ نے چودھری پرویزالٰہی کو سپریم کورٹ بار سے خطاب کی دعوت بھی دی۔