کشمیریوں کی تحریک آزادی اب کامیابی کے قریب ہے: عبدالخبیر آزاد
لاہور (سید عدنان فاروق) مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین اور بادشاہی مسجد لاہور کے خطیب و امام مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کامیابی کے قریب ہے۔ کشمیر پاکستان ہے اور پاکستان کشمیر ہے۔ ہم اپنی آنکھوں سے جدوجہد کشمیر کو کامیاب ہوتا دکھیں گے۔ مودی اور اس کے میڈیا نے بھارت میں مسلمانوں خصوصا کشمیری مسلمانوں کے خلاف جن مکروہ سازشوں کا جال بنا ہے وہ خود اس جال میں پھنسنے لگے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور افواج پاکستان نے انڈین سازشوں کو ناکام بنانے میں بھر پور کر دار ادا کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام صلاحیتوںکے ساتھ پوری دنیا میں ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کی آواز بلند کی ہے۔ اور برطانیہ ہو، یورپی یونین ہو یا امریکہ سب بھارت کے مکروہ چہرہ کو دیکھ چکے۔ اب’’ کشمیر بنے پاکستان‘‘ شرمندہ تعبیر ہونے کو ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’یوم یکجہتی کشمیر‘‘ کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ بانی پاکستان نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا ہے۔ پاکستان پر امن طریقے پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو حق خود ارادیت دلوانا چاہتا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ یو این او کے آئینی تقاضوں اور قراردادوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام عالم کی توجہ اقوام متحدہ کی منظور کردہ قراردادوں کی طرف مبذول کرائی ہے۔ انڈیا نے مقبوضہ کشمیر پر اپنی فوج کے ذریعے جو ظالمانہ قبضہ کیا ہے اور کشمیر کے نہتے اور کمزور مسلمانوں پر ظلم و جبر اور تشدد کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ اقوام عالم کے سامنے ہے۔ معصوم بچوں اور عورتوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ ظالم درندہ انڈین فوجیں خواتین کی عزتیں پامال کر رہی ہیں۔ معصوم بچوں کو ماں سے چھین کر ذبح کردیا جاتا ہے۔ نوجوانوں کو ہاتھ پائوں باندھ کر گولیوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ انہیں طرح طرح سے اذیتیں دے کر شہید کر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے یو این او کے پلیٹ فارم پر پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کی بھر پور نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر کا سفیر ہوں۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور افواج پاکستان نے انڈین سازشوں کو ناکام بنانے میں بھر پور کر دار ادا کیا ہے اور بھارتی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہو کر پوری قوم کے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں۔ پاکستان کے اصولی موقف کو دنیا بھر میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ میں ایک طویل عرصہ کے بعد مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بات ہوئی ہے۔ پاکستان کے عوام اور تمام طبقوں نے انڈیا کی بھر پور مذمت کی ہے اور اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا بھر پور مظاہرہ کیا ہے۔