صدارتی آرڈیننس نہ صرف آئین بلکہ جمہوری اقدار کے منافی :رحمان ملک
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)سینٹ کی مجلس قائمہ برائے داخلہ کے چیئرمین سینٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات کے حوالے سے صدارتی آرڈیننس نہ صرف آئین بلکہ جمہوری اقدار کے منافی ہے، ووٹ کی اپنی عزت ہوتی ہے جس میں اسکو راز رکھنا بھی ہے پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین پاکستان کو لیکر آگے بڑھی ہے۔ ایک وکیل نے ملک بنایا دوسرے وکیل نے آئین دیا اور ایٹمی قوت بنایا۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے پیپلز لائیرز فورم اسلام آباد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہوںنے ان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ وکلا برداری کسی بھی ملک کی ریڑھ کی ہڈی حیثیت رکھتی ہے، پاکستان کو بھی ایک وکیل قائد اعظم محمد علی جناح نے بنایا، ایک وکیل کا مشن انصاف لینا اور پہنچانا ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کے وکلا سے درخواست ہے کہ پارٹی کے امیدوار کو اتفاق سے ووٹ دیں۔ انہوںنے کہا ہم شہید ذولفقار علی بھٹو کا نام لئے بغیر نہیں رہ سکتے، ہمارے ہر تقریب کا حسن ذوالفقار علی بھٹو شہید اور محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے ہے۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین پاکستان کو لیکر آگے بڑھی ہے، آئین بنانے اور ترامیم لانے میں ہمیشہ پیپلز پارٹی کا کردار رہا ہے، آئین پاکستان کو سہرہ پیپلزپارٹی کے سر ہے، ایک بات آج پھر واضح کرنا چاہتا ہوں کہ پیپلزپارٹی نے کبھی این آر او نہیں لیا ہے، افسوس ہوا کہ وزیراعظم یوم یکجہتی کشمیر پر بھی این آر او NRO کرتا رہا، کاش وزیراعظم عمران خان فقط کشمیر پر بات کرتے۔