• news

قصور : زیادتی کے لڑکا قتل، فیصل آباد، لودھراں ہسپتالوں میں نوکری کا جھانسہ دیکر 2خواتین بے آبرو

لاہور، قصور، راجہ جنگ (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ+ علاقائی نمائندوں سے) مختلف شہروں میں 8 واقعات کے دوران خواتین اور ایک بچے کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا جبکہ قصور میں 15سالہ لڑکے کو مبینہ درندگی کے بعد قتل کرنے پر ورثا نے نعش سڑک پر رکھ کر 5 گھنٹے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چوک سٹیل باغ قصور میں پندرہ سالہ لڑکے کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کرنے کے واقعہ کے خلاف ورثاء نے میت سڑک پررکھ کر احتجاج کیا۔ پیرو والا قصور کے رہائشی مصطفی کا پندرہ سالہ بیٹا اویس مزدوری کے لئے راؤ خانوالہ کے  پولٹری فارم پر گیا۔ دو روز قبل  والدین کو فون آیا اویس نے خودکشی کر لی ہے۔ جسم پر تشدد کے نشانات  دیکھ کرعابد، شاکر، اشرف، محمد شعیب اور محمد اسلم وغیرہ سات افراد کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست دی گئی۔ تاہم ورثاء نے پولیس سے مطالبہ کیا زیادتی کی دفعہ  لگائی جائے جبکہ پولیس کے مطابق زیادتی ثابت ہوئی تو دفعہ کا اضافہ کر دیا جائے گا۔ تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ چار پانچ گھنٹوں کے بعد پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہو گئے۔ الائیڈ ہسپتال فیصل آباد جھنگ روڈ سہیل آباد کی رہائشی بیوہ دوائی لینے آئی جہاں پر آپریشن تھیٹر اسسٹنٹ محمد ظہور عالم نے اسے نوکری دلوانے کا جھانسہ دیکر بے آبرو کر دیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اسے معطل کرتے ہوئے انکوائری رپورٹ طلب کر لی۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق محلہ محمدی کی رہائشی خاتون نے پولیس کو بتایا عاصم اقبال نے اس سے زبردستی زیادتی کی ہے جبکہ خانیوال سے خبر نگار کے مطابق کوٹ مومن سرگودھا کے رہائشی نے پولیس کو بتایا سہیل احمد میری بیوی کو این جی او میں نوکری کا جھانسہ دیکر لے گیا۔ جہاں پر دو افراد عبدالقادر اور زاہد نے گن پوائنٹ پر باری باری میری بیوی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ساہیوال  نواحی چک 85۔سکس آر میں گھریلو ملازمہ کو بااثر زمیندار کے بیٹے ساجد علی نے نوکری کا جھانسہ دیکر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ دریں اثناء لودھراں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے 2 ملازمین نے لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ لڑکی نے الزام عائد کیا ہسپتال کے سی ڈی سی سپروائزر نے 20 ہزار کے عوض نوکری دینے کا کہا، نوکری آرڈر کے بہانے بلایا اور ساتھی سمیت زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کا کہنا ہے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔ خانیوال میںملزم ندیم نے پانچ سالہ بچے سے زیادتی کر ڈالی جسے گرفتار کر لیا گیا۔ بہاول پور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں کانسٹیبل اور اس کے ساتھی نے ایک بہن سے اجتماعی زیادتی، دوسری کو اغوا کر لیا۔ پولیس کا کہنا ہے ملزم حسن رضا اور سلمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن