بڑے عہدوں پر چھوٹے لوگوں نے ملک کا کباڑا کردیا، جی چاہتا اسمبلی میں گالیاں دینے والوں کو جیل بھیج دوں سراج الحق
لاہور‘ گجرات (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ یوٹرن پوری دنیا میں وزیراعظم کی پہچان بن گیا ہے۔ بڑ ے عہدوں پر چھوٹے لوگ بیٹھے ہیں جنہوں نے پاکستان کا کباڑا کر دیا۔ پی ٹی آئی کی حکومت دو ڈھائی برسوں میں ہر شعبہ میں خراب پرفارمنس دیکر اتنی بری طرح ایکسپوز ہوئی کہ اب وزیراعظم کے الفاظ ان کا ساتھ دینا چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی سابقہ حکمرانوں پر گند ڈالنے کی گردان اتنی مضبوط ہے کہ اگر انہیں پانچ سال اور بھی مل جائیں تب بھی وہ یہی مشق دہرائیں گے۔ اسمبلی میں ماؤں بہنوں کے سامنے گالیاں بکنے والوں کواڈیالہ جیل بھیجنا چاہیے۔ پاکستان کو امریکی ساہوکاروں سے نجات دلانے کا وقت آگیا۔ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے اس خواب کی جلد تعبیر کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان، مولانا عبدالاکبر چترالی ایم این اے، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، عبدالواسع اور ضلعی امیر غلام رسول بھی مقررین میں شامل تھے۔ امیر جماعت نے اس موقع پر لوگوں سے عہد لیا کہ وہ پرامن جدوجہد کے ذریعے ملک کو اسلامی جمہوری فلاحی مملکت بنانے اور پاکستان کے وسائل پر قابض ظالم اشرافیہ سے جان چھڑانے کے لیے جماعت اسلامی کی جاری تحریک کا بھرپور ساتھ دیں گے۔ سنیٹر سراج الحق نے پی ڈی ایم کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان لوگوں کا عوامی فلاح کا کوئی ایجنڈا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سیاست چند خاندانوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ اب جماعت اسلامی واحد چوائس ہے۔ گجرات دریں اثناء گجرات میں سہ روزہ اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا ہے کہ طبقاتی نظام تعلیم نے ملک کی جڑیں کھوکھلی کردیں۔ نہ جانے یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ کب پورا ہوگا ۔ تین کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر، ہائر ایجوکیشن کے لیے مختص فنڈز میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ طلبہ یونینز پر پابندی ہٹائی جائے۔ طلبہ کو آئینی حق سے محروم رکھنا ظلم ہے۔ اشرافیہ خوفزدہ ہیں کہ یونیورسٹیوں اور کالجز سے اٹھنے والی بیداری کی لہر ان کی کشتی کو ہمیشہ کے لیے نہ ڈبو دے۔ غربت کی بنیاد پر تعلیمی اداروں کو تقسیم کیا گیا۔ وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے کل پاکستان سہ روزہ اجتماع کے دوسرے روز ہزاروں شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پرمرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی اظہراقبال حسن بھی موجود تھے۔ سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ اس ملک کا مستقبل ہیں، قیادت تیار ہو کر ملک کی باگ ڈور سنبھالے۔ ڈسپلن اور نظم و ضبط سے طاقتور اشرافیہ سے مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ اسلامی انقلاب پاکستان کی منزل ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ہمارا مقابلہ استعمار کے ایجنٹوں سے نہیں بلکہ ان قوتوں سے ہے جو مسلم دنیا کے ریسورسز پر قابض اور امت مسلمہ کو اپنا غلام بنائے رکھنے کی پالیسی پر کاربند ہے۔ ملک پر کمزور اخلاق سے عاری افراد حکومت کر رہے ہیں۔ ان حکمرانوں نے کشمیر کا ز کو سبوتاژ کیا اور لاکھوں شہدا کے خون سے غداری کی۔ سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران خان بھی قصہ پارینہ بن گئے ہیں۔ میرا بس چلتا تو قومی اسمبلی میں گالیاں دینے والوں کو اڈیالہ جیل میں ڈال دیتا۔